لیاری سے تعلق رکھنے والے عالمی ریکارڈ یافتہ واکر شاداب بلوچ نے ننگے پیر چلنے کانیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی پریس کلب میں منعقدہ میڈیا بریفنگ میں 38 سالہ شاداب بلوچ نے کہا کہ وہ اطالوی ایتھلیٹ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے تیارہیں۔ پاول دورا کیوچ نےگزشتہ برس ننگے پیر3490 کلومیٹر کی واک چھ مہینے میں مکمل کر کے انٹرنیشنل گنیز بک ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
شاداب بلوچ 99 روز میں کراچی سے عراق کے تاریخی شہرکربلا کا 3500 کلومیٹر کا سفر ننگے پیر کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کریں گے۔
شاداب بلوچ کراچی سے میرپورخاص تک 234 کلومیٹر کا سفر5 دن میں،کراچی سے دادوتک337 کلومیٹر کا سفر10 دن اورملتان سے اسلام آباد 555 کلومیٹرکاسفر12 دن میں طے کر چکے ہیں۔
گزشتہ برس ورلڈ ٹالسٹ ہیٹ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے شاداب بلوچ رواں سال اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں واک کا آغاز کرکے کوسٹل ہائی وے سے گوادر کی سرحد سے ایران کے راستے اپنی منزل کربلا کے تحریر اسکوائر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔