title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اورروزگار کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں، ناصر شاہ – 092 News

نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اورروزگار کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں، ناصر شاہ

نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اورروزگار کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں، ناصر شاہ


  کراچی: صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انھیں روزگار کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج جامعہ نمل کراچی کیمپس نارتھ ناظم آباد میں پہلے آل کراچی بین الجامعات تقریری مقابلے میں شریک طلباء و طالبات سے مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں کیا جس میں شہر بھر کی بیس سے زائد جامعات کے اڑتیس کے قریب طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ مقابلے کا رجحان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ہمارے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ انھیں سنبھالنی اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ نمل میں نوجوانوں کی تقاریر سن کر احساس ہوا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے اداروں کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انھیں بھرپور سپورٹ بھی کرتی ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں سے معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیمی سرگرمیوں تک رسائی کیلیے حکومت ہر ممکن کاوشیں کررہی ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ نمل یونیورسٹی کی عمارت کو سولرائیز کیا جائے گا تاکہ یہاں کے طلبا و طالبات بجلی کے بلاتعطل ماحول میں پرسکون ہوکر اپنا تدریسی عمل مکمل کرسکیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے پاکستان کے بارے میں دہشتگردی اور دیگر عوامل کے حوالے سے جو منفی پروپیگنڈہ کیا ہے اسے ملک کی عوام اور نوجوانوں نے یکسر مسترد اور نظرانداز کرنا ہے۔  حکومت کی مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کے تحت ملک کا مثبت امیج، غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد ناصرف بحال ہوا ہے بلکہ تیزی سے بلند بھی ہورہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نمل کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) علی حیدر کاظمی نے کہا کہ نمل یونیورسٹی نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو بڑھانے اور انکی قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنے میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

تقریب میں پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انفارمیشن سیکریٹری اسد حنیف کے علاوہ ڈاکٹر شہلا، ڈاکٹر صابر، ڈاکٹر حسن احمد، ڈاکٹر فضل حسین سمیت مختلف کالجز کے پرنسپل نے بھی شرکت کی۔

The post نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اورروزگار کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں، ناصر شاہ appeared first on ایکسپریس اردو.



Source link