میڈوگری: نائیجیریا کے وسطی علاقے میں آئل ٹینکر ایک گاڑی سے ٹکرایا اور اس کے بعد ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی اسٹیٹ ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ وسطی نائیجیریا میں آئل ٹینکر ایک گاڑی سے ٹکرایا اور دھماکا ہوا۔
اسٹیٹ ایمرجینسی منیجمنٹ نے بتایا کہ آئل ٹینکر مسافروں اور مویشیوں کو لے کر جانے والی ایک گاڑی سے ٹکرایا اور اس حادثے کے نتیجے میں دیگر کئی گاڑیاں بھی لپیٹ میں آگئیں۔
ایجنسی کے ترجمان حسینی ابراہیم نے کہا کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 48 ہے اور مقامی انتظامیہ جائے حادثہ صاف کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نائیجیریا کی سرکاری کمپنی این این پی سی لمیٹڈ نے گزشتہ ہفتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 39 فیصد اضافہ کردیا تھا جو ایک سال سے بھی کم عرصے میں دوسرا بڑا اضافہ تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باوجود پیٹرول کی قلت کا خاتمہ نہیں ہوا تھا اور ملک کے بڑے شہروں اور قصبوں میں پیٹرول پمپس میں گاڑیوں طویل قطاریں لگ رہی تھیں۔