NIGER:
شمالی نائیجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے کے بعد ہونے والے دھماکے میں 60 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) نے بیان میں بتایا کہ ریاست نائیجر کے علاقے میں پٹرول سے لدا ٹینکر الٹ گیا، جس سے تیل پھیل گیا اور دھماکا ہوا۔
ریاست نائیجر کے ایف آر ایس سی سیکٹر کمانڈر کمار ٹسوکوام نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو ٹینکر الٹنے کے بعد پھیلے ہوئے تیل جمع کرنے کے لیے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو روکنے کی ہر کوشش کے باوجود تیل اکٹھا کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی اور ایسے میں اچانک دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے بلند ہوگئے اور دوسرے ٹینکر کو لپیٹ میں لے لیا۔
سیکٹر کمانڈر کمار ٹسوکوام کا کہنا تھا کہ اب تک 60 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ اکتوبر میں ریاست جیگوا میں بھی اسی طرح کا دھماکا ہوا تھا جہاں 147 افراد ہلاک ہوا تھا اور اس کو افریقی ممالک میں ہونے والے بدترین حادثات میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔
افریقہ میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک نائیجیریا میں اس طرح کے اندوہناک حادثات عام ہوگئے ہیں جہاں مہنگائی کی وجہ سے لوگوں خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور ایسے حادثات میں درجنوں افراد اپنی جان کھو بیٹھتے ہیں۔
تیل کی دولت سے مالامال ہونے کے باوجود نائیجیریا میں صدر بولا ٹینوبو کی جانب سے مئی 2023 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد برسوں سے جاری سبسڈی ختم کرنے پر پیٹرول کی قیمت میں 400 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
گورنر ریاست نائیجر کے ترجمان بلوگی ابراہیم نے بتایا کہ جب پیٹرول ٹینکر کے حادثات ہوں تو اولین ترجیح شہریوں کی سلامتی ہونی چاہیے۔