اسلام آباد:
ملک بھر کے 31 اضلاع سے 35 ماحولیاتی نمونوں کے منفی ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد ملک میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز میں نمایاں کمی آگئی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق 20 اضلاع کے 25 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے لیے 21 تا 27 اپریل ملک بھر میں قومی پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔
مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ والدین سے درخواست ہے کہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔
مسلسل ویکسینیشن کی بدولت نہ صرف قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ بچوں کو پولیو سے بھی تحفظ ملتا ہے۔ پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بروقت مکمل کروانا انتہائی ضروری ہے۔