ملتان:
فہد ٹاؤن کے علاقے حامد پور چوک میں ایل پی جی گیس سے بھرے ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگنے کے نتیجے میں ہونے والی آتشزدگی سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور پانچ گھنٹے طویل آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ کے باعث ٹینکر پھٹنے سے بستی حامد پور کے کچھ گھروں میں بھی آگ پھیل گئی، جس سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ بعض گھروں میں موجود مویشی بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
ریسکیو آپریشن میں 16 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا، کولنگ کا عمل ابھی تک جاری ہے۔
دوسری جانب نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، نشتر اسپال کے ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد کی زیر قیادت اضافی بستروں اور عملے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 4 افراد جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے، ان کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اور کولنگ کے عمل کے مکمل ہونے تک صورتحال کو کنٹرول کیا جائے گا۔