کراچی:
متحدہ عرب امارات نے ویزے کے حصول کے لیے شرائط سخت کرنے کے بعد پاکستانیوں کو خوش خبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کے دوران اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے شہری اب 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی بھی موجود تھے۔
حمد عبید الزعابی نے اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو کراچی میں واقع متحدہ عرب امارات کے ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی اور گورنر کے اعلان کردہ اقدامات میں تعاون کا اظہار بھی کیا۔
گورنر ہاؤس کے دورے میں اماراتی سفیر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی تحریر کیے اور اس تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان سدابہار دوستی کی علامت قرار دیا۔
سفیر کے اس اعلان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے تصدیق ہوگئی ہے کہ اس وقت پاکستان کے شہریوں پر ویزے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی 5 سالہ ویزا پالیسی کے تحت درخواست گزاروں کو واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، اگر کوئی جائیداد ہے تو اس کے ثبوت اور 3 ہزار اماراتی درہم جمع کرانا لازمی ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کے ویزے کے حصول کے لیے گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اور اس کی وجہ جعلی دستاویزات، ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود وہی ٹھہرنا اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال شامل ہے۔
ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے یہ معاملات متحدہ عرب امارات کے حکام کے سامنے اٹھائے گئے تھے۔