کراچی:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رحمتوں کے ماہ رمضان کے بھرپور استقبال کے لیے گورنر ہاؤس اور اطراف کی شاہراہوں پر چراغاں کراکے ایک منفرد مثال قائم کردی۔
گورنر سندھ نے یہ سجاوٹ دعوت اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری کی خواہش پر کی ہے، مولانا الیاس قادری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ماہ رمضان کا استقبال تمام مسلمان ملک میں بھرپور انداز کریں، ماہ رمضان میں چراغاں کیا جائے،حکومت اور شہری چراغاں کریں اور سجاوٹ کریں تاکہ پوری دنیا میں یہ پیغام جائے کہ مسلمان ممالک خصوصا پاکستان میں رمضان کا استقبال بھرپور انداز میں کیا گیا یے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مولانا الیاس قادری کے پیغام پر ماہ رمضان کے استقبال کے لیے گورنر ہاؤس، فوارہ چوک ، ایوان صدر روڈ اور اطراف کی شاہراہوں پر خوبصورت لائٹنگ اور چراغاں کرنے کے احکامات جاری کیے۔
گورنر سندھ کی ہدایت پر گورنر ہاؤس اور اطراف کی شاہراہوں کو برقی قمقموں اور جھالروں سمیت رنگ برنگی لائٹوں سے سجادیا گیا ہے، اور منفرد انداز میں چراغاں کیا جارہا ہے جس سے گورنر ہاؤس اور اطراف کی شاہراہیں رنگ و نور میں تبدیل ہوگئی ہیں۔
اس چراغاں کو دیکھنے کے لیےشہری اپنے اہلخانہ کے ہمراہ رات گئے تک گورنرہاؤس آرہے ییں، شہری اس چراغاں کے ساتھ سیلفیاں بنوارہے ہیں، اس موقع پر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ چراغاں دیکھنے والی نیوکراچی کی رہائشی خاتون ارم ناز نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری عوامی گورنر ہیں، انہیں چراغاں کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
ایک طالبہ ہما ارشد نے کہا کہ ماہ رمضان کے استقبال کے لیے گورنر سندھ نے جو چراغاں کرایا ہے اس پر گورنر سندھ کا شکریہ۔ ہم سب کو اس طرح رمضان کا استقبال کرنا چاہیے، یہ ایک اچھی روایت ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہنا یے کہ آئندہ برس ماہ رمضان کا سرکاری سطح پر بھرپور استقبال ہوگا، ان کی کوشش ہوگی کہ تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں ہو، شہریوں نے گورنر سندھ کے اس اعلان کو سراہا ہے۔