کراچی:
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے موصولہ خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی میں لوبیا کی آڑ میں امریکن بادام کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے ذریعے 3ارب 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کا انکشاف کیا ہے۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رضا نقوی کے مطابق ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ میسرز اے آر برادرز نامی درآمد کنندہ جبل علی دبئی سے لوبیا کی آڑ میں چھلے ہوئے امریکن بادام کی بڑی مقدار اسمگل کرکے اپنے گوداموں میں منتقل کررہا ہے۔
اس اطلاع پر کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی نے درآمد ہونے والے لوبیا کے تمام کنٹینرز اپنی تحویل میں لینے کی ہدایات جاری کیں۔
اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے میسرز اے آر برادرز کے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے وی بوک گرین چینل کے آئی سی ٹی گرین چینل سے کلیئر ہوکر رحمان گودام فیلکن لاجسٹک کمپلیکس حب ریور روڈ، 2 کنٹینرز کو ہارون آباد سائیٹ ایریا کے گوداموں سے برآمد کیا، بعدازاں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے مزید 2 کنٹینرز جنکی کلیئرنس ہوچکی تھی، انہیں کے آئی سی ٹی کے ایگزٹ گیٹ پر روک کر اپنی تحویل میں لیا۔
حکام کے مطابق درآمدکنندہ میسرز اے آر برادرز کے وی بوک گرین چینل سے کلیئر ہونے والے ان 5 کنٹینرز سے مجموعی طور پر 155 ٹن چھلے ہوئے امریکن بادام، 50 ٹن لوبیا، 15 ٹن مختلف سبزیوں کے بیج اور 200 کارٹن امریکی ساختہ سلنگ فلم برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق درآمدکنندہ نے مس ڈیکلریشن کرتے ہوئے لوبیا کی آڑ میں چھلے ہوئے امریکن بادام اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی، جس سے قومی خزانے کو ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں 45 کروڑ روپے کی چوری کی۔
حکام نے مقدمہ درج کرکے 1439 ملین روپے کی تمام اشیاء کو ضبط کرلیا ہے۔ رضا نقوی کے مطابق دوران تفتیش حاصل کردہ ریکارڈ کی چھان بین کے بعد اس امر کی نشاندہی ہوئی ہے کہ درآمدکنندہ اے آر برادرز نے فروری 2025 کے دوران گرین چینل کے ذریعے لوبیا کے 84 کنٹینرز کی کلیئرنس حاصل کرکے ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں 3 ارب 60 کروڑ روپے کی چوری کی ہے۔
درآمد کنندہ جبل علی دبئی سے لوبیا کی آڑ میں امریکن بادام کو گرین چینل سے انتہائی منظم انداز میں کسٹمز کلیئرنس حاصل کررہا تھا۔