اسلام آباد:
وزیردفاع خواجہ آصف نے پہلگام واقعے کے بعد پاک-بھارت کشیدگی پر قومی سیاسی رہنماؤں کی بریفنگ میں شرکت کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمران خان کی رہائی کا شرط رکھنے کو حب الوطنی مشروط کرنے کے مترادف قرار دے دیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ قومی اتحاد اور یک جہتی کے اظہار کو عمران خان کی شرکت یا رہائی سے مشروط کرنا پی ٹی آئی کی کوتاہ اندیشی ہے اور یہ حب الوطنی کو مشروط کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے وقت ہماری قیادت کا بیشتر حصہ عمران خان کی فرمائش پر قید تھا لیکن جیلو ں سے باہر قیادت نے عمران خان کی بلائی گئی بریفنگ میں شرکت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گو کہ عمران خان نے اس بریفنگ میں ہمارے ساتھ بیٹھنے سے انکار کر دیا تھا لیکن ہم نے قومی اتحاد میں رخنہ نہیں ڈالا کیونکہ وطن اور اس کی سلامتی شخصیات اور لیڈرشپ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو تا قیامت دوام ہے، ان شا اللہ، بڑے محترم لیڈرز آئے اور دنیا سے رخصت ہوئے، اپنی یاد چھوڑ جاتے ہیں لیکن قومیں زندہ رہتی ہیں۔