کراچی:
صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے قانون سازی کے ذریعے صوبے کے تمام اسپتالوں کو پابند کیا ہے کہ سڑکوں پر حادثات کا شکار زخمیوں کی جانیں بچانے اور فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور زخمیوں کو لانے والوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پانچویں روڈ سیفٹی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرتوانائی اور منصوبہ بندی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور روڈ ایکسیڈنٹ میں کمی اور لاپرواہی سے اور تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے والوں کی حوصلہ شکنی کے لیے جرمانوں کی رقوم میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد کی ذمہ داری عوام پر تو عائد ہوتی ہی ہے مگر سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے سیف سٹی پروجیکٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ 1122 کی ایمبولنسز کی سروسز کو بھی مزید بہتر بنانے کے ساتھ ان کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روڈ سیفٹی کانفرنس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور اس سے ناصرف یوتھ کو بلکہ عوام کو بھی آگاہی حاصل ہوگی اور اس کانفرنس کے ذمہ داران اختتام پر اپنی سفارشات پیش کریں ، عوام کے وسیع تر مفاد کے لیے قابل عمل سفارشات پر عمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن پروجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جس کے باعث وزیراعلیٰ سندھ اور سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نہایت متحرک ہیں اور کراچی سمیت پورے صوبے کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے بہترین منصوبہ بندی کی ہے کیوں کہ سالڈ ویسٹ اب پورے کراچی میں کام کر رہا ہے، اس دفعہ عید کے موقع پر قربانی کی آلائشوں اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کو بڑی اور خوش گوار تبدیلی نظر آئی گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی میں کمی اور خاتمے کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو آن لائن کیا ہے اور ٹرانسپیرنٹ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں اور عوامی شکایات پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ کراچی شہر میں اربن فاریسٹری قائم کی گئی ہے جن میں بڑی مثال لیاری اور ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ قائم شہری جنگلات ہیں، انہوں نے پیش کش کی کہ اگر یوتھ پارلیمنٹ کے پاس شہر بھر میں شجرکاری کے حوالے سے کوئی منصوبہ ہے تو فوری طور پر پیش کریں حکومت اس سلسلے میں فوری طر پر فنڈز جاری کرے گی۔
پاک-بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بے بنیاد الزام پر مودی سرکاری نے جنگ کا آغاز کیا اور پانی روک کر ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، فرانسیسی جہاز پر غرور کرتے تھے مگر ہماری افواج نے ان کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہماری شہری آبادی کو نقصان پہنچا رہا ہے جبکہ ہم صرف جنگی تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ 24 کروڑ عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مودی سرکار کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، پاکستان میں رہنے والا ہر ہندو، سکھ، عیسائی سب پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔