لاہور:
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ خوارج کا خاتمہ کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احسان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم سلام عقیدت پیش کرتی ہے اور فتنہ خوارج کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔
خواجہ احمد حسان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے مؤثر اقدامات سے مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم اور ان کی حکومت کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے آنے والے دنوں میں بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان کیا جو عوام دوستی کا ثبوت ہے۔