کراچی:
ایم ڈی کیٹ 2024 کے متعدد امیدواروں نے عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ امیدواروں نے دوبارہ امتحان کے حکم کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے اس کو ناانصافی قرار دیا۔
احتجاجی امیدواروں نے شکوہ کیا کہ پیپر لیک مافیا کی غلطی کی سزا ہمیں کیوں مل رہی ہے؟ ہم ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ہماری پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔
کچھ امیدواروں کے والدین نے سوال اٹھایا کہ اگر دوبارہ امتحان ہوتا ہے تو اس کی کیا ضمانت ہے کہ آئندہ پرچہ لیک نہیں ہوگا؟
امیدوار نے بتایا کہ میں نے پچھلے سال بھی دو مرتبہ امتحان دیا تھا اور اب اس بار بھی دو بار امتحان دینے کا کہا جا رہا ہے ،ہم سال میں صرف ایک بار ہی اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ اگر امتحانی پرچے رات گئے لیک ہوئے تو مختصر وقت میں مکمل تیاری کیسے ممکن ہے؟
مظاہرے کے دوران امیدواروں نے کہا کہ ہم نے 180 سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں اور دوبارہ امتحان ان کی محنت کی ناقدری ہوگی۔