کراچی:
پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ، علی حسن زرداری نے سینٹرل جیل کراچی کا اچانک سرپرائز وزٹ کیا۔ اس دوران انہوں نے بچہ جیل اور وومن جیل کا بھی معائنہ کیا۔
صوبائی وزیر نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں کے لیے سحری کے تیار کردہ کھانے کو ٹیسٹ کیا۔
انہوں نے قیدیوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ علی حسن زرداری نے قیدیوں کے لیے افطاری اور سحری میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیر نے جیل کے اسپتال کا بھی معائنہ کیا اور قیدی مریضوں کی عیادت کی۔ اس دوران انہوں نے علاج و معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
علی حسن زرداری نے کہا کہ وہ سندھ کے تمام جیلوں کا دورہ کریں گے اور قیدیوں کو قانون کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے گا اور قیدیوں کو انسان دوست ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ جیل کے اندر بہترین ہنر سیکھ سکیں۔ وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔