بھارتی جارحیت کے خلاف صوبائی اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کرائی گئی ہیں، جن میں بھارتی اقدامات کو خطے کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے دشمن کومنہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن سعدیہ جاوید نے سندھ اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف قرارداد جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جارحیت پاکستان کی خودمختاری پر کھلا حملہ ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ معصوم شہری، خواتین اور بچے بھارتی بزدلانہ حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ بھارتی حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ پاکستانی افواج کو مؤثر اور مکمل جواب دینے کا اختیار حاصل ہے۔
سندھ اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے مطابق قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ ایوان اور حکومت سندھ پاک افواج اور حکومت پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو، پاکستان زندہ باد ۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے بھارتی بزدلانہ حملے کے خلاف قرارداد جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا کہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کو اس بزدلانہ حملے کے بدلے میں منہ توڑ جواب دیا جائے۔
قرارداد کے مطابق یہ ایوان بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کیے گئے بلااشتعال اور بزدلانہ حملوں اور اس میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کی مسلح افواج کی بروقت، مؤثر اور جرأت مندانہ جوابی کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ پاک فوج نے دشمن کے خلاف فوری اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے اور چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔
قرارداد کے مطابق پاک فوج نے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ یہ ایوان آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کو بھارتی بزدلانہ حملے کا رات کو ہی فوری جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور ہماری افواج کو کامیابی عطا فرمائے۔