مہاراشٹر حکومت بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی جانب سے 9 کروڑ روپے کی واپسی کے مطالبے پر غور کر رہی ہے۔
یہ رقم ممبئی کے بینڈ اسٹینڈ، باندرہ ویسٹ میں واقع ان کے مشہور گھر ‘منت’ کی زمین پر اضافی طور پر ادا کی گئی تھی۔
شاہ رخ اور گوری خان نے 2019 میں حکومت کی پالیسی کے تحت اس زمین کی مکمل ملکیت حاصل کرنے کے لیے 27.50 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ حکومتی افسران نے زمین کی مالیت کے بجائے بنگلے کی کل قیمت کو بنیاد بنا کر اضافی رقم وصول کی تھی، جو ایک غیر ارادی غلطی قرار دی گئی۔
ستمبر 2022 میں گوری خان نے ممبئی سب اربن ڈسٹرکٹ کے کلیکٹر کو اس اضافی ادائیگی کے سلسلے میں درخواست دی تھی، جس کے بعد یہ کیس مہاراشٹر حکومت کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا گیا۔
ذرائع کے مطابق، اگر حکومت اس مطالبے کو منظور کر لیتی ہے، تو شاہ رخ اور گوری خان کو 9 کروڑ روپے کی واپسی کی جائے گی۔