کراچی: سابق انگلش بیٹر گراہم تھارپ کی موت ٹرین سے ٹکر لگنے پر واقع ہوئی۔
فیملی ان کی موت کو پہلے ہی خودکشی قرار دے چکی ہے، ان کی موت کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے 100 ٹیسٹ اور 82 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے تجربہ کار بیٹر گراہم تھارپ کی موت سے متعلق اب نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ اپنے گھر کے قریب ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوئے تھے، انھیں ذہنی صحت کے مسائل لاحق تھے۔
مزید پڑھیں: سابق انگلش کرکٹر اور کوچ گراہم تھورپ 55 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
برطانوی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ 4 اگست کو صبح 8 بجکر 26 منٹ پر ایشر ریلوے اسٹیشن پر آفیسرز کو طلب کیا گیا تھا، جو کسی ٹریک پر حادثے کی وجہ سے جائے وقوعہ پر پہنچے تھے، طبی عملہ بھی موقع پر آیا تھا، تاہم اس حادثے سے دوچار ہونے والے فرد کی موت واقع ہوچکی تھی، اس حادثے کو مشتبہ کیس نہیں سمجھا گیا تھا۔
تھارپ نے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 9124 رنز بنائے تھے، جس میں 16 سنچریاں اور 60 نصف سنچریاں شامل رہی تھیں۔
مزید پڑھیں: بین اسٹوکس نے گراہم تھارپ کے نام والی شرٹ پہن لی
ایمانڈا نے میڈیا کو بتایا کہ تھارپ کی طبعیت کچھ وقت سے بہتر نہیں تھی، اہلیہ اور دو پیارکرنے والی بچیوں کے باوجود وہ بہتری حاصل نہیں کرپا رہے تھے، وہ حالیہ دنوں میں انتہائی خراب حالت میں تھے، وہ سمجھتے تھے کہ ہم سب ان کے بغیر بہتر رہیں گے اور اسی سبب انھوں نے اپنی جان لے لی۔
تھارپ کے اہل خانہ ان کے نام سے فاؤنڈیشن شروع کرنے پر بھی غور کررہے ہیں، ان کی بیٹی کیٹی نے بتایا کہ وہ زندگی سے اور ہم سے بہت پیار کرتے تھے، تاہم وہ بہت دل گرفتہ تھے۔