کراچی:
چین کی 50 سے زائد کمپنیوں کی سندھ کے مختلف شعبوں میں 1ارب 40کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری دلچسپی، سرکاری ذرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 1کروڑ 30لاکھ ڈالر کے اضافے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث جمعہ کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ایک بار پھر ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
بیرونی مالیاتی فرق پورا ہونے اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی توقعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کاروبار کے تمام دورانیے میں تنزلی سے دوچار رہی۔
ایک موقع پر ڈالر کی قدر 31پیسے کی کمی سے 277روپے 92پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 12پیسے کی کمی سے 278روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 03 پیسے کی کمی سے 279 روپے 07 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
واضح رہے کہ مثبت معاشی اشاریوں اور بیرونی سرمایہ کاری کی آمد جیسے عوامل زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں پر اثرانداز رہے ہیں۔