راولپنڈی کے علاقے صدر میں یکے بعد دیگرے دو زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکے کس چیز کے تھے لیکن دھماکوں کی آوازیں دور دور تک حتیٰ کہ اسلام آباد تک سنی گئی۔
ذرائع کے مطابق دھماکوں کی آوازیں نور خان ایئربیس کے قریب سنی گئیں جس کے بعد علاقے میں سائرن بجنا شروع ہوگئے اور شہریوں نے رضاکارانہ طور پر لائٹس بند کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ادھر لاہور میں بھی بیدیاں روڈ اور ڈی ایچ اے کے قریب زوردار دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق نور پور گاؤں کے آس پاس دھماکوں کی شدت محسوس کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے سرحدی علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے اور ممکنہ طور پر یہ واقعات دشمن ملک کی اشتعال انگیزی کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔