NEW DELHI:
دنیا کے امیر ترین افراد کی درجہ بندی کرنے والے ادارے ہورون رواں برس کے ابتدائی تین ماہ کے دوران دنیا کے امیر ترین افراد، ادارے اور ارب پتی افراد کے حامل ممالک اور شہروں کی فہرست جاری کردی ہے۔
ہورون کی درجہ بندی میں عالمی سطح پر امیر ترین خواتین کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے، جس میں پہلی 5 خواتین میں ایک بھارتی بھی شامل ہے، فہرست میں پہلی 10 خواتین میں بھارت کے ساتھ ساتھ امریکا اور فرانس سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شامل ہیں۔
بھارتی خاتون میں اس فہرست میں شامل دیگر خواتین کے مقابلے میں کم عمر ارب پتی ہیں۔
ہورون کی فہرست کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والی 75 سالہ ایلس والٹن 102 ارب ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ان کی دولت کا ذریعہ وال مارٹ ہے اور ان کے حصص کی قیمت سالانہ بنیاد پر منافع کما رہے ہیں۔
دوسرے نمبر پر فرانس سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ ارب پتی خاتون فرنکوئیس بیٹنکورٹ میئرز کا نام ہے، جن کی دولت کا حجم 67 ارب ڈالر ہے اور ان کی کمپنی ایل اورئیل ہے۔
امیر ترین خاتون اور دوسرے نمبر پر موجود خاتون کی دولت میں 31 ارب ڈالر کا واضح فرق ہے تاہم اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ فرانسیسی خاتون کی کمپنی کے حصص میں تنزلی دیکھی گئی ہے۔
تیسرے نمبر پر امریکا سے تعلق رکھنے والی 62 سالہ جولیا کوچ اینڈ فیملی ہے، جو محض 7 ارب ڈالر کے فرق سے تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کی کوچ انڈسٹریز کی بدولت 60 ارب ڈالر کی جائیداد ہے۔
امریکا ہی سے تعلق رکھنے والی 85 سالہ جیکولین مارس کی دولت کا حجم 53 ارب ڈالر ہے اور ان کی کمپنی مارس کے نام سے انہیں امیر خواتین میں شامل کرنے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔
بھارت کی 43 سالہ روشنی نادار اینڈ فیملی دنیا کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں اور اس فہرست میں کم عمر بھی ہیں۔
ایچ سی ایل جیسی کمپنی سے حاصل دولت کی مالکن روشنی نادار کی دولت کا حجم 40 ارب ڈالر ہے۔
رپورٹ کے مطابق روشنی نادار دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ہونے والے نئے چہروں میں سے ایک ہے اور انہیں یہ دولت ان کے والد کی طرف سے ملی ہے۔
دنیا کی ارب پتی خواتین میں امریکا کا راج ہے، چھٹے نمبر پر بھی دو امریکی خواتین 54 سالہ میکنزی اسکاٹ اور 79 سالہ میریم ایڈلسن اینڈ فیملی ہے، جو بالترتیب ایمیزون اور لاس ویگاس سینڈز کی حصص رکھتی ہیں اور ان کی دولت کا 33 ارب ڈالر ہے۔
اس کے بعد امریکا سے تعلق رکھنے والی 63 سالہ ابیگیل جانسن ہیں، جن کی دولت 32 ارب ڈالر ہے، امریکا سے تعلق رکھنے والی دیگر خواتین 74 سالہ ماریلین سیمسنز اینڈ فیملی اور 50 سالہ لنزے اسٹیفن اینڈ فیملی کا نمبر آتا ہے، جن کی دولت بالترتیب 30 اور 29 ارب ڈالر ہے۔