کراچی:
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مناسک حج 2025 کے لیے جانے والے عازمین حج کے فلائٹ آپریشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے حج آپریشن 2025 کا آغاز 29 اپریل 2025 کو ہو رہا ہے، سرین ایئر کی پرواز نمبر 1611 رات 10:15 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔ اس پرواز کے ذریعے 285 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: حج 2025 کی ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا
حج آپریشن کے سلسلے میں دیگر اہم پروازیں بھی شیڈول کی گئی ہیں۔ ایئر بلو کی پہلی حج پرواز PA1766، 30 اپریل 2025 کو صبح 3:40 بجے 148 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
سعودی ایئرلائنز کی پہلی حج پرواز نمبر 3701، یکم مئی 2025 کو صبح 9:15 بجے 365 عازمین کے ساتھ مدینہ روانہ ہوگی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز PK-743، 2 مئی 2025 کو صبح 5:55 بجے 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کے ساتھ حج 2025ء معاہدہ؛ کتنے پاکستانی فریضہ ادا کریں گے؟
تمام ابتدائی پروازیں مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اتریں گی، جبکہ 14 مئی 2025 سے حج پروازوں کی زیادہ تر روانگیاں جدہ ایئرپورٹ کے لیے ہوں گی، تاہم کچھ پروازیں مدینہ منورہ کے لیے بھی جاری رہیں گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر حج کا کہنا تھا کہ نظامت حج کراچی اور متعلقہ ادارے عازمین حج کی باعزت اور باوقار روانگی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ عازمین کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔