راولپنڈی:
تھانہ وارث خان کے علاقے میں دم کرکے بیماریاں دور کرنے اور جنات نکالنے کے نام پر خاتون سے نازیبا حرکات کرنے والے جعلی پیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
راولپنڈی کے تھانہ وارث خان میں خاتون کی مدعیت میں علاج کے نام پر خاتون سے نازیبا حرکات کرکے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر پیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
درخواست گزار خاتون نے مقدمے میں بتایا کہ مرگی کی مریضہ ہوں، کافی علاج کرایا ٹھیک نہیں ہوئی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر پیر خرم کی ویڈیو دیکھی جو دم درود سے علاج کرتا ہے اور لوگ علاج کے لیے ان کے پاس آتے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اپنے ماموں جو میری بیماری سے واقف تھے کو بتایا کہ جنہوں نے پیر خرم سے ٹائم لیا اور پیر خرم نے ایک لاکھ روپے فیس مانگی جس پر ماموں کے ساتھ کمیٹی چوک میں پیر کے پاس پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ پیر خرم نے ایمرجنسی میں 5 ہزار روپے لیے اور مجھے کمرے میں لے جاکر دم کرنے لگا، طبعیت خراب دیکھ کر ماموں بھی کمرے میں آگئے لیکن پیر خرم نے دم کے بہانے میرے ساتھ نازیبا حرکات شروع کر دیں اور میرا دوپٹہ اتار دیا، دم کرتے کرتے جسم کے مخلتف حصوں پر ہاتھ لگا کر کہنے لگا کہ جنات ہیں۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ پیر خرم نے کوئی پانی پلایا جس سے میری طبیعت مزید خراب ہو گئی، جس پر ماموں مجھے اسپتال لے جانے لگے تو پیر خرم غصے میں آگیا اور مطالبہ کیا کہ باقی رقم 95 ہزار روپے ادا کرو۔
انہوں نے بتایا کہ پیر خرم نے چاقو نکال لیا اور جان سے مارنے سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، طبعیت نہ سنبھلنے پر ایک تعویذ دے کر میرے ماموں سے کہا اس کو اسپتال لے جاؤ لہٰذا پیر خرم کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے، دھوکا فراڈ کرنے اور نازیبا حرکات کرکے میری عزت میں خلل ڈالنے کے جرم میں مقدمہ درج کیا جائے۔
پولیس نے بتایا کہ پیر خرم کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا ہے اور تفتیش کی جارہی ہے۔