اسلام آباد:
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کل رات بھارت کے نقصان کی تفصیلات کچھ دیر میں سامنے آ جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا، جبکہ لائن آف کنٹرول پر دشمن کی متعدد پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کا پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اب وہ سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھی شکست تسلیم کرتے ہوئے اپنے تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ دکھایا ہے، جو پاکستان کی دفاعی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پوری رات قومی سلامتی کی صورتحال کو خود مانیٹر کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور جب قوم متحد ہو تو دشمن کا مقابلہ بھرپور طریقے سے کرتی ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی کارروائی کے دوران کسی بھارتی شہری کو نشانہ نہیں بنایا، بلکہ صرف دشمن کے جنگی اثاثوں کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عالمی میڈیا کو آج مریدکے اور بہاولپور لے جایا جانا تھا، جس سے پاکستان کے شفاف مؤقف کو دنیا کے سامنے پیش کیا جاتا۔