بھارتی بولر محمد سیراج کا مشہور گلوکارہ کی پوتی سے تعلق کی افواہیں؟ ردعمل بھی آگیا

بھارتی بولر محمد سیراج کا مشہور گلوکارہ کی پوتی سے تعلق کی افواہیں؟ ردعمل بھی آگیا



MUMBAI:

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سیراج چمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں جگہ نہ بناسکے تاہم اس دوران ان کے مشہور گلوکارہ کی پوتی سے تعلقات کی افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم دونوں نے سوشل میڈیا پر وضاحت بھی کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ مشہور گلوکارہ آشا بھوسلے کی پوتی زینی بھوسلے اور محمد سیراج کے تعلقات ہیں اور وہ چند ایک مقامات پر ایک ساتھ نظر بھی آئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زینی بھوسلے اور محمد سیراج کو ایک ساتھ گاتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور دونوں نے مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کردی ہے، دونوں زینی کے نئے البم کے ایک گانے کو مل کر گا رہے ہیں۔

افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب انسٹاگرام پر زینی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ اس شخصیت کے لیے جو ہم میں سے اکثر لوگوں کو اپنے خوابوں کی پیروی کرنے کا سبب بنا، آپ بہترین ہیں۔

محمد سیراج اس دوران عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں اور انسٹاگرام پر خانہ کعبہ سے اپنی تصویر جاری کی اور اللہ کا شکر ادا کیا، اس پر زینی بھوسلے نے دل کے ایموجی بھیجے، جس پر میڈیا میں بھی بڑھا چڑھا کر کہا گیا کہ دل کے تین ایموجیز بھیجے ہیں۔

زینی اور سیراج کے تعلقات میں ہونے کی افواہوں کے دوران ہی وضاحت سامنے آگئی اور دونوں نے مزید مشکل سے بچنے کے لیے ایک دوسرے کے لیے جذبات کے اظہار کی وجوہات بھی بتائیں۔

زینی بھوسلے نے انسٹاگرام اسٹوری پر سیراج کو مینشن کرکے رومن میں لکھا ‘میرے پیارے بھائی’، جس پر فاسٹ بولر نے بھی انہیں ‘بہنا’ کہہ کر پکارا۔

واضح رہے کہ محمد سیراج کو بھارتی ٹیم کے بولنگ اٹیک کا مضبوط حصہ تصور کیا جاتا ہے لیکن حیران کن طور پر سلیکٹرز نے انہیں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے نظرانداز کیا، جس پر سابق بھارتی کرکٹرز نے بھی تنقید کی ہے۔

عرفان پٹھان نے کہا کہ جب جسپریت بمراہ فٹنس مسائل سے دوچار ہوں تو ایسے میں سیراج کو چمپیئنز ٹرافی میں ٹیم میں شامل ہونا چاہیے تھا۔





Source link