DERA ISMAIL KHAN:
بنوں کینٹ پر ہونے والا حالیہ دہشتگرد حملہ ایک بڑی اور منظم کارروائی تھی،حملہ آورکئی دنوں تک لڑنے کے ارادے سے آئے تھے۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دہشتگرد اپنے ساتھ انرجی ڈرنکس، انجکشنز، ادویات اور خوراک لائے تھے،یہ حملہ روایتی خودکش کارروائی کے بجائے ایک طویل جنگ کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
حملہ آوروں نے دھماکوں کیلیے دو ٹریکٹروں میں سات ٹن بارود لوڈ کیا اور ایک زرنج لوڈر کے ذریعے کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
انہوں نے مرکزی سڑک کے بجائے دریائے کرم کا راستہ اپنایا تاکہ چیک پوسٹوں اور دیگر حفاظتی رکاوٹوں سے بچ سکیں۔
وہ روایتی برقعوں میں ملبوس تھے تاکہ عام شہریوں میں گھل مل جائیں اور ان پر شک نہ کیا جا سکے مگر فورسز کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔