بجلی کی قیمت میں کمی کے اعلان کے بعد تبدیلی کی افواہیں، ترجمان پاور ڈویژن کی وضاحت

بجلی کی قیمت میں کمی کے اعلان کے بعد تبدیلی کی افواہیں، ترجمان پاور ڈویژن کی وضاحت



اسلام آباد:

پاور ڈویژن کے ترجمان ظفریاب خان نے بجلی کی نرخوں میں تبدیلی کی افواہوں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے نرخوں میں ریلیف پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ظفریاب خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی تبدیلی کی تردید کی خبریں بے بنیاد اور متضاد ہیں، بعض عناصر جان بوجھ کر بجلی کے نرخوں اور اس کی تکنیکی تفصیلات سے متعلق غلط معلومات پھیلا کر حقائق مسخ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی رپورٹس حکومت کے سرکاری مؤقف کو غلط انداز میں پیش کرتی ہیں اور اس کا مقصد عوام میں الجھن پیدا کرنا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان درست ہے اور اس  پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں موسم گرما کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے صارفین پر بوجھ کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کے اعلان کے بعد نیپرا نے بغیر کسی تاخیر کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کے لیے 4 اپریل کو عوامی سماعت کی۔

انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکیج کی وفاقی کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی ہے اور اس کا اطلاق ملک بھر کی تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہوگا۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ یہ ریلیف مہینوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جس میں ٹیرف کو کم کرنے کے لیے آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مذاکرات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب اصل اثر عوام تک پہنچ رہا ہو تو ٹیرف کے زمرے پر بحث غیرضروری ہے، اس بروقت اقدام کے لیے حکومت کو کریڈٹ دینا چاہیے۔





Source link