بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے، رؤف حسن

بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے، رؤف حسن



لاہور:

تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ امریکی وفد کی بانی چیئرمین عمران خان کے حوالے سے بات چیت کا علم نہیں۔ 

انھوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’اسٹیٹ کرافٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں مکالمے پریقین رکھتا ہوں، بات چیت سے ہی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے، حکومت کے پاس تو اتنا اختیار نہیں کہ خان صاحب سے ہماری ملاقات کرا سکے، اعظم سواتی کے بیان پررائے نہیں دے سکتا، ہماری جماعت اسٹیبلشمینٹ کے ساتھ ڈیل کرنے کے بجائے ملکی مسائل جڑسے ختم کرناچاہتی ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات نہیں کیے جارہے تاہم ملکی مسائل حل کرنے کیلیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، پی ٹی ائی والے ایک دوسرے کو فتح کرنے اور الزام تراشی میں لگے ہوئے ہیں مگرکوئی اپنی غلطی مانے تو بات چیت اگے بڑھے، قانونی معاملات تو عدالتوں نے دیکھنا ہیں، پانی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے خلاف سندھ میں محاذ بن گیا ہے، اس کی اپنی مجبوری ہے مگر ہم ساتھ چلیں گے، ہرصوبے کا پانی میں اپنا حصہ ہے۔ 

ماہرمعیشت خرم حسین نے کہاکہ امریکا کا جس ملک کے ساتھ جتنا تجارتی خسارہ ہے اس پراتنا ٹیرف لگادیا یہ دوطرفہ نہیں۔ گلوبلائزیشن لانے والا امریکا اپنے گرد خود دیوار کھڑی کر رہا ہے، معلوم نہیں پاکستان اس صورتحال سے کیسے نکلے گا؟، ٹرمپ دھمکیوں پر دھمکیاں دے رہے ہیں مگر امریکا اتنا بھی طاقتور نہیں جتنا وہ سمجھتا ہے، وہ چین یا کسی اور ملک کو ڈالر کے علاوہ کسی اور کرنسی میں ادائیگی سے نہیں روک سکتا، اس نے عقل سے کام نہ لیا تو بدترین مالی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔





Source link