ایم کیو ایم پاکستان کی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی، رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

ایم کیو ایم پاکستان کی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی، رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب



کراچی:

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دیتے ہوئے مشاورت کے لیے رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے ایم کیو ایم کے ساتھ کراچی اور حیدرآباد کے لیے پیکج کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکج پر کہیں کام ہوتا نظر نہیں آرہا، ڈیڑھ سال سے حکومت نے ایم کیو ایم پاکستان سے کیا ہوا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، کراچی اور حیدرآباد پیکیج سمیت دیگر معاملات پر تحفظات ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ مرکزی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ فیصلہ کریں کہ آزاد حیثیت میں رہیں یا اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 دن سے وزیر اعظم شہباز شریف سے رابط کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کوئی بات نہیں سنی جا رہی ہے لہٰذا ایم کیو ایم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے آزاد ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں وفاقی کابینہ میں توسیع کردی ہے، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال کو بھی شامل کرلیا گیا ہے اور وفاقی وزارت صحت کا قلم دان سونپ دیا گیا ہے۔





Source link