title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu ایف بی آر کی حکومت سے 17 سو سے زائد خالی ملازمتیں برقرار رکھنے کی درخواست – 092 News

ایف بی آر کی حکومت سے 17 سو سے زائد خالی ملازمتیں برقرار رکھنے کی درخواست

ایف بی آر کی حکومت سے 17 سو سے زائد خالی ملازمتیں برقرار رکھنے کی درخواست


ایف بی آر نے حکومت سے ایف بی آر کی افرادی قوت کو 60 فیصد کم کرنے کے فیصلے میں نرمی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے 1,730 خالی ملازمتیں برقرار رکھنے کی اپیل کردی۔

 واضح رہے کہ حکومت نے ایف بی آر کیلیے ایک ڈیجیٹیلائزیشن پلان تیار کیا تھا، جس میں ادارے میں موجود خالی پوسٹوں کو ختم کرتے ہوئے ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

ایف بی آر نے وفاقی حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سائزنگ کی ایک میٹنگ کے دوران ایف بی آر کیلیے رائٹ سائزنگ پالیسی میں نرمی کی درخواست کی ہے۔

وزیرخزانہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمیٹی نے فوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا اور درخواست کو مزید غور کیلیے ذیلی کمیٹی کے حوالے کردیا، جس کو ایف بی آر کی درخواست کا جائزہ لینے اور فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال اگست میں تمام خالی آسامیوں میں سے 60 فیصد کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم کئی محکموں نے ابھی تک ان ہدایات پر عمل نہیں کیا ہے۔

 ایف بی آر کی تقریباً 23,822 منظور شدہ آسامیاں ہیں جن میں سے 2,883 خالی ہیں، کابینہ کے فیصلے کے مطابق ان پوسٹوں میں سے کم از کم 60 فیصد یا 1730 کو مستقل طور پر ختم کرنا ہوگا، یہ آسامیاں برسوں سے خالی ہیں لیکن بجٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں، تاہم سال کے آخر پر تنخواہوں کی ادائیگیوں سے بچنے والے فنڈز کو دیگر مدات میں خرچ کردیا جاتا ہے، 2,883 خالی آسامیوں میں افسران کی خالی آسامیاں 24 ہیں۔

 یاد رہے کہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ایف بی آر کی کم از کم 10 ہزار آسامیاں ختم کرنے کی تجویز دی تھی، واضح رہے کہ ایف بی آر کی 97 فیصد ٹیکس کلیکشن ود ہولڈنگ ٹیکس،ایڈوانس ٹیکس، اور امپورٹ پر عائد ٹیکسوں کی صورت میں خودکار طریقوں سے ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رائٹ سائزنگ کمیٹی نے ایف بی آر کی درخواست پر زیادہ غور نہیں کیا اور درخواست کو ذیلی کمیٹی کے حوالے کردیا، ایف بی آر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بہت سی اہم آسامیاں خالی ہیں اور ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کیلیے انہیں مزید افرادی قوت درکار ہے۔

قبل ازیں، رائٹ سائزنگ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ریونیو ڈویژن نے بتایا کہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں بی ایس 18 اور اس سے کم کی 158پوسٹوں اور 16 سے 20 گریڈ کی 27 پوسٹوں کو ڈائنگ پوسٹیں قرار دیا گیا ہے۔





Source link