کراچی:
اورنگی ٹاؤن کی مجاہد کالونی میں گھر میں بنے بیوٹی پارلر سے خاتون کی گلا کٹی جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔
ایس ایچ او مومن آباد معراج انور نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 30 سالہ صائمہ شاہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی گلا کٹی جھلسی ہوئی لاش اسی کے بیوٹی پارلر سے ملی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ نے ایک ہفتے قبل ہی شاہ میر نامی شہری سے دوسری شادی کی تھی۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی پہلے شوہر سے 12 سال کی بیٹی ہے اور جس گھر میں بنے بیوٹی پارلر سے مقتولہ کی لاش ملی ہے وہ انہوں نے کرایے پر لیا ہوا تھا، آدھے پورشن پر انہوں نے رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے مقتولہ کا شوہر غائب ہے جس کے سامنے آنے کے بعد ہی صورت حال مزید واضح ہو سکے گی تاہم پولیس اس کے بھائی سے معلومات حاصل کر رہی ہے۔