کیلیفورنیا: امریکا کے 19 سالہ نوجوان نے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) کے فاصلے تک ’بائیک سرفنگ‘ کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ پر نظریں جما لیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کروز سے تعلق رکھنے والے بروک جونسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے 80 میٹر (262 فٹ) کے فاصلے تک بائیک سرفنگ سیکھنے کے بعد طویل فاصلہ طے کر کے ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بروک کا کہنا تھا کہ انہوں نے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا اور انہوں نے بتایا کہ بائیک سرفنگ کا ریکارڈ صرف 80 میٹر کا تھا۔
بائیک سرفنگ میں سوار کو بائیک پر کھڑے ہو کر ایسی پوزیشن میں بائیک چلانی ہوتی ہے جس میں ایک ٹانگ بائیک ہینڈل اور دوسری سیٹ پر ہوتی ہے۔
بروک کا ہدف 100 میٹر (328 فِٹ) کا فاصلہ تھا۔ تاہم، انہوں نے 200 میٹر (656 فِٹ) کا فاصلہ عبور کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کے شواہد ادارے کو جمع کرادیے گئے ہیں اور اب وہ ریکارڈ کے باقاعدہ اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔