LAGOS:
امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے جہازبوئنگ 787-8 کی فنی خرابی کی وجہ سے نائیجیریا کے شہر لاگوس میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران عملے کے ارکان سمیت مسافروں کی بڑی تعداد زخمی ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں حادثے کے وقت یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز یو اے 613 میں 245 مسافر، پرواز کے 8 میزبان اور 3 پائلٹ سوار تھے۔
نائیجیریا کی فیڈرل ایئرپورٹس اتھارٹی نے ہنگامی لینڈنگ کی تفصیلات بتائیں کہ پرواز مورطالا محمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی لیکن 3 گھنٹے 23 منٹ بعد پریشر نہ ہونے پر واپس ہنگامی لینڈنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ لینڈنگ پر ایروڈروم ریسکیو اینڈ فائر فائٹر سروس، ایوی ایشن میڈیکل اور ایوی ایشن سیکیورٹی کی ٹیموں کی گیٹ ڈی 31 میں پوزیشنیں سنبھال لیں تاہم پرواز مزید کسی بڑے حادثے کا شکار نہیں ہوئی اور 15 منٹ بعد جہاز کے دروازے کھل گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے پرواز کے دوران پیدا ہونے والے طبی مسائل تھے اور لینڈنگ کے دوران 4 مسافر اور عملے کے دو ارکان شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ان کے علاوہ 27 مسافر اور عملے کے 5 ارکان کو معمولی زخمی آئے ہیں۔
ایوی ایشن میڈیکل کی ایمبولینسز نے یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز سے زخمیوں کو لاگوس میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا، متعدد مسافروں کو لاگوس میں ایم ایم اے کلینک اور ہیڈکوارٹرز کلینک منتقل کیا گیا اور کئی مسافروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی اور ڈسچارج کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شدید زخمیوں کو ڈیوچیز اسپتال عکیجہ منتقل کردیا گیا اور متعدد مسافروں کو ہوٹل کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔
پرواز کے ایک مسافر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پرواز کے دوران ڈرامائی انداز میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوئی اور جہاز میں درکار دباؤ کم ہوگیا اور اس دوران کئی مسافروں کو زخم آگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران ان کا سر جہاز کی چھت سے ٹکرایا اور کچھ دیر کے لیے اپنے حواس کھو بیٹھا تھا تاہم طبی امداد ملنے کے بعد ٹھیک ہوگیا۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز نائیجیریا کے شہر لاگوس سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے لیے محو پرواز تھی مگر تقریباً 4 گھنٹے تک ہنگامی حالات کا سامنا رہا۔