نئی دہلی/یروشلم: بھارت نے ایک بار پھر اسرائیلی اسلحے پر انحصار ظاہر کرتے ہوئے اسرائیلی ساختہ باراک 8 فضائی دفاعی نظام کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ اس تجربے کے بعد اس جدید دفاعی سسٹم کو جلد آپریشنل قرار دیے جانے کا امکان ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ سسٹم اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز (IAI) اور بھارت کی ڈی آر ڈی او (DRDO) نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ تجربے کے دوران باراک 8 سسٹم نے مختلف فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور اسلحہ ساز گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتا ہے۔
باراک 8 کو زمین اور بحری پلیٹ فارمز پر نصب کیا جا سکتا ہے اور یہ 70 کلومیٹر تک کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ سسٹم 2017 میں بھارت کو فروخت کیا گیا تھا اور تب سے اس کے مختلف مراحل کے تجربات جاری ہیں۔ یہ سسٹم پہلے ہی بھارتی فضائیہ اور بحریہ میں استعمال ہو رہا ہے، جب کہ حالیہ تجربہ بری فوج کے لیے منظوری کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت اور اسرائیل کے درمیان دفاعی تعاون جنوبی ایشیا میں اسلحے کی نئی دوڑ کو ہوا دے سکتا ہے، جس سے خطے میں عدم توازن اور کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔