اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 113 سے زائد کارکنان کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
اسلام آباد کی انسدادِدہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کیس کی سماعت کی اور عدالت نے 88 کارکنوں کو 6 دن کی شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران وکلا صفائی نے کہا کہ جن کارکنوں کو پیش کیا گیا، ان میں سے 26 کی روبکار جاری ہوچکی ہے، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ جن کی روبکار جاری ہوچکی ہے ان کی رہائی ہوگی۔
ملزمان کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ ،آمنہ علی ایڈووکیٹ اور فتح اللہ برکی ایڈوکیٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تھانہ ترنول اور کوہسار کے مقدمات میں ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا، تھانہ ترنول اور کوہسار میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمات درج ہیں۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کارکنان کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے اسلام آباد پولیس کی درخواست پر ان کے حوالے کیا تھا۔