title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu اسرائیل کے لبنان پر جنگ بندی معاہدے کے باوجود حملے جاری، دو افراد شہید – 092 News

اسرائیل کے لبنان پر جنگ بندی معاہدے کے باوجود حملے جاری، دو افراد شہید

اسرائیل کے لبنان پر جنگ بندی معاہدے کے باوجود حملے جاری، دو افراد شہید



BEIRUT:

اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود لبنان کے جنوبی علاقے میں فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ نے لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل نے ہفتے کو جنوبی لبنان کے گاؤں راب الثلاثین پر ڈرون حملہ کیا جہاں دو افراد شہید اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیل نے ایک ڈرون حملہ جنوبی علاقے کے ضلع صور کے قصبے مجدال زون میں کیا جہاں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک بچے سمیت تین افرد زخمی ہوگئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل نےجنوبی علاقے کے ضلع سیدون میں بیساریہ کے قصبے تبناہ پر دو فضائی حملے کیے، ان حملوں میں ایک لبنانی زخمی ہوا۔

اسرائیل کی فوج نے بیان میں کہا کہ اس نے سیدون میں حزب اللہ کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے جہاں راکٹ لانچرز رکھے ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے درمیان 13 ماہ سے زائد عرصے سے زائد لڑائی جنگ بندی معاہدے کے تحت ختم کردی گئی تھی لیکن اسرائیل کی جانب سے اس کے باوجود حملے کیے جا رہے ہیں۔

حزب اللہ اور اسرائیل دونوں فریقین ایک دوسرے کو معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں جبکہ معاہدے کا اطلاق بدھ کو ہو گیا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے اکتوبر 2023 سے جاری حملوں میں اب تک لبنان کے 3 ہزار 961 شہری شہید اور 16 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں اور لبنانی وزارت صحت کے مطابق 10 لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہوگئے ہوچکے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ شمالی اسرائیل اور مقبوضہ پہاڑی سلسلے جولان پر حزب اللہ کے حملوں سے 45 شہری اور 73 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔





Source link