آزادی صحافت کا عالمی دن آج منایا جائے گا

آزادی صحافت کا عالمی دن آج منایا جائے گا



اسلام آباد:

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادی صحافت کا عالمی دن آج 3 مئی کومنایا جائے گا۔

اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد صحافت کے بنیادی اصولوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اور زندگیوں کو لاحق خطرات سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، صدرمملکت آصف علی زرداری نے اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان آزادی اظہار و آزادی صحافت کا ضامن ہے، مکالمے کے فروغ ، سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنا، بدعنوانی بے نقاب کرنے اور پسماندہ طبقات کے لیے آواز بلند کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دنیا تک حقائق پہنچانے کی جد و جہد میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے میڈیا ورکرز کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، میڈیا کو جھوٹ، فیک نیوز، پروپیگنڈے، غیر ملکی ایجنڈوں اور سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔





Source link