لاہور:
پانی مثل آب حیات ہے مگر اس کی زیادتی انسان کو ہلاک بھی کر سکتی ہے، پچھلے ہفتے ڈبلن،آئرلینڈ کا باسی 59 سالہ سین اوڈنیل اپنا چیک اپ کرانے اسپتال گیا۔
طبی عملے نے اسے کافی پانی پینے کو کہا،سین چھ گلاس پی گیا، جلد اس کی طبیعت خراب ہو گئی اور اچانک ہارٹ اٹیک نے اسے اگلے جہان پہنچا دیا۔
ڈاکٹر کہتے ہیں ایک وقت میں پانچ چھ گلاس پانی یا کوئی مائع ہرگز نہ پئیں، وجہ یہ کہ پانی کی زیادتی سے خون میں سوڈیم کی کمی ہو جاتی ہے، اس عالم میں پانی دماغ میں پہنچ کر اسے پْھلانے لگتا ہے۔
چونکہ دماغ سخت کھوپڑی میں مقید ہوتا ہے، لہذا مذید نہ پھول پائے تو پورے جسم کو تشنج زدہ کر ڈالتا ہے۔اسی عالم میں ہارٹ اٹیک یا فالج انسان پہ حملہ کرتا ہے۔ یہ حالت طبی اصطلاح میں ’’Hyponatremia‘‘کہلاتی ہے۔
جدید تحقیق کے مطابق مارشل آرٹس کے مشہور اداکار بروس لی کی موت بھی اسی حالت سے ہوئی تھی۔