اسلام آباد: نجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان نے ایسے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے اور یہ 9 مئی کے مجرموں کی اصلیت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں اپنی بہنوں سے اسی طرح مخاطب ہوتے ہیں’۔
انہوں نے سوال کیا کہ ‘کیا غیرت مند پٹھان اپنی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے اس طرح مخاطب ہوتے ہیں، عمران خان نے اِس طرح کے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے’۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہے 9 مئی کے مجرموں کی اصلیت، اسی غلیظ ذہنیت نے ملک اور سیاست کو گندا کیا ہے، یہی غلیظ ذہنیت نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتی ہے’۔
سینئر وزیر نے کہا کہ ‘جو اس غلیظ اور گھٹیا ذہنیت کو سپورٹ کریں وہ بھی ایسے ہی ہیں، انہی غلیظ بیانات کی وجہ سے 9 مئی کا مجرم کہتا ہے میں امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ لوگ معاشرے کی غلاظت کے ذمہ دار ہیں، یہ ہے خیبر پختونخواہ کا وزیر اعلیٰ جو غیرت مند اور خواتین کی عزت کرنے والے پٹھانوں کی نمائندگی کر رہا ہے، خیبر پختونخواہ کے عوام پر ترس آتا ہے اور دل دکھتا ہے’۔