اسلام آباد:
یوٹیلیٹی اسٹورز کے 3 ہزار سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفیوں کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔
ڈیلی ویجز ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات اسلام آباد میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئے تاہم فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے اور برطرفیوں کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دور ناکام ہو گیا۔
مذاکرات میں ملازمین کے یونینز لیڈران نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ برطرف کیے گئے ڈیلی ویجز ملازمین کے آڈرز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ تاہم، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی مذاکراتی کمیٹی نے یونینز کے مطالبات تسلیم کرنے سے گریز کیا جس کے نتیجے میں مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے۔
یونینز لیڈران کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 27 فروری کو ملک گیر دھرنا اور احتجاج کیا جائے گا۔ یونین نمائندوں نے اعلان کیا کہ اس احتجاج میں ملک بھر سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین شرکت کریں گے اور جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے تب تک احتجاج جاری رہے گا۔
مذاکرات کا دوسرا دور کل دوبارہ ہوگا جس میں کسی حتمی فیصلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم، اگر یہ مذاکرات بھی ناکام رہے تو ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کی جانب سے شدید احتجاج اور دھرنے کا امکان ہے۔