اسلام آباد: ڈیوٹی مجسٹریٹ کامران ظہیر عباسی کی عدالت نے شانزے ملک کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں تھانہ کھنہ کی حدود میں گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے شکیل تنولی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شانزے ملک نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی اور مقدمے میں عائد دفعات کی درستگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
شانزے ملک اپنے وکیل محمد صدیق اعوان ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی درخواست میں کہا کہ اس کے خلاف تیز رفتار ڈرائیونگ اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، لاہور ہائیکورٹ نے بھی دفعات کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی ضمانت دی ، مقدمے میں لگی دفعات کی درستگی کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی کی ٹکر سے نوجوانوں کی ہلاکت کا کیس؛ جج کی بیٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری
پراسکیوٹر رانا حسن عباس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مجسٹریٹ کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ کامران ظہیر عباسی نے قرار دیا کہ شانزے ملک کی لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کی ، ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق شانزے ملک ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ہیں اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی دفعات قابل ضمانت ہیں ، لہذا ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جاتے ہیں۔
عدالت نے شانزے ملک کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔