کراچی میں کچرے اور گوبر سے بائیو گیس بنانے کا منصوبہ شروع

کراچی میں کچرے اور گوبر سے بائیو گیس بنانے کا منصوبہ شروع



کراچی:

ضلع جنوبی میں گیلے کچرے اور جانور کے فضلے سے بائیوگیس اور کھاد بنانے کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم ڈی (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) طارق علی نظامانی کے ہمراہ کے ایم سی ورکشاپ کا دورہ کیا اور بائیو گیس پلانٹ کے جدید پائلٹ پروجیکٹ بائیوڈوم کا معائنہ کیا، جسے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور آیسس انٹرنیشنل (Aysis International) کی مشترکہ کاوشوں سے نصب کیا گیا ہے۔

میئر کراچی نے دورے کے دوران پروجیکٹ شروع کرنے کے شاندار اقدام کو سراہتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور آیسس انٹرنیشنل کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جنوبی میں کچن کے کچرے سے بائیوگیس اور کھاد بنانے کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز خوش آئند ہے۔ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے بعد قابل استعمال بنانے کے اقدامات پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ریسائیکل پلانٹ لگا کر کچرے کو کم کرنے اور قابل استعمال بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید بڑے پروجیکٹ کے لیے جگہ کا انتخاب کریں، جو بھی تعاون درکار ہوگا فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پائلٹ پروجیکٹ کو جلد ہی ایک بڑی سطح تک بڑھایا جائے، جس سے کراچی کو مزید صاف ستھرا بنانے میں مدد ملے گی۔





Source link