کراچی: سائٹ ایریا میٹروول شہید قبرستان سے صندق میں بند خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی چادر لپٹی ہوئی لاش ملی جس کے منہ پر بھی ٹیپ لگا ہوا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کر لیے بعدازاں پولیس نے مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
صندق کھلنے پر اس میں موجود خاتون کی لاش کے منہ پر ٹیپ لگا ہوا تھا جبکہ مقتولہ کے ہاتھ اور ٹانگیں بھی ٹیپ کی مدد سے باندھی گئیں تھیں۔
ایس ایچ او سائٹ ایریا چوہدری جاوید اختر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر خاتون کو کسی اور علاقے میں قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو صندوق میں بند کر کے قبرستان میں ٹھکانے لگانے کے لیے لایا گیا تھا جس میں ملزمان کامیاب نہیں ہو سکے، فوری طور پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 40 سے 45 سال کے قریب بتائی جا رہی ہے۔
صندوق میں ملنے والی لاش کے واقعہ کے شواہد حاصل کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے، پولیس تلاش ایپ کی مدد سے مقتولہ کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے جبکہ وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔