کراچی:
شہر قائد میں پی آئی بی پولیس نے ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او پی آئی بی اسحاق مغل کے مطابق پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کاشف خان ولد پارک شاہ کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی، جو کہ تھانہ ناظم آباد سے چوری ہوئی تھی۔ موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ الزام نمبر 47/2025 بجرم دفعہ 381A ت پ تھانہ ناظم آباد میں درج تھا۔
ایس ایچ او اسحاق مغل نے بتایا کہ ملزم کو ضابطے کے تحت گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے اے وی ایل سی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ملزم اس سے قبل بھی تھانہ پی آئی بی اور فیروز آباد میں موٹر سائیکل لفٹنگ کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔