تجزیہ کار شہباز رانا کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی سی سی کی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے اس کی آمدن، اس کے حکام کی آمدن ، آئی بی سی کی آمدن، اس کے پارٹنرز، غیر ملکی کھلاڑیوں ، کوچز اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کی آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں ہو گا۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام دی ریویو میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ سے اجازت لیے بغیر آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس استثنٰی دینے کا فیصلہ کیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی سی سی معاہدے کے تحت ٹیکس چھوٹ کی منظوری دی۔
ترجمان پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن ڈاکٹر ناصرنے بتایا پاکستان میں ڈبے کا دودھ استعمال کرنے والے 64 فیصد صارفین کی ماہانہ آمدن 50 ہزار روپے یا اس سے کم ہے، بدقسمتی سے پاکستان ان ملکوں میں ہے جہاں فوڈ ان سکیورٹی بہت زیادہ ہے، پاکستان میں اوسط گھرانے کی چالیس سے پچاس فیصد آمدن خوراک پر خرچ ہو جاتی ہے، تقریباً پچاس فیصد کھلا دودھ پینے کے قابل نہیں ہے، اس لیے ڈبے کا دودھ ہی محفوظ آپشن ہے اور اس کو سستا کرنے کی ضرورت ہے۔
تجزیہ کار کامران یوسف نے کہا آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز پاکستان کے لیے اچھا نہیں تھا کیونکہ پہلے ہی میچ میں ہمیں نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی، جبکہ دوسری طرف بھارت نے اپنا اوپنگ میچ جیت لیا تھا۔
اب پاکستان کا جو اگلا معرکہ ہے وہ اتوار کے روز بھارت کے ساتھ ہے اور پاکستان کے لیے ایک مسٹ ون سچویشن ہے، اگر ہم نے چیمپیئنز ٹرافی میں زندہ رہنا ہے، تو بھارت کو لازمی ہرانا ہوگا۔