اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نےانتظامی معاملات میں ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طر ف سے پسند کی پوسٹنگ کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنے پر سخت نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال کی طرف جاری کردہ سرکلر کی کاپی وزیر اعظم کے سیکرٹری ،سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن ایف بی آر کے تمام ممبران سمیت دیگر حکام کو ارسال کی گئی ہے جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طرف سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنا تشویش ناک امر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنی مرضی کی پوسٹنگ کے حصول کا رجحان ادارے کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے، مڈ لیول افسران کی طرف سے اثرو رسوخ کے استعمال سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کی کوشش جونیئر افسران کے لیے اچھی مثال نہیں ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ پسند کی پوسٹنگ کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنا گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز1964 اور سول سرونٹس(ای اینڈ ڈی)رولز 2020 کے تحت مس کنڈکٹ میں آتا ہے اور مس کنڈکٹ کا ارتکاب ملازمت کے خاتمے پر منتج ہو سکتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آئندہ اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران اورعملہ کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف متعلقہ رولز اور قانون کے تحت تادیبی کاروائی شروع کر دی جائےگی تاہم مشکل حالات سے دوچار افسران اور عملہ اپنے تبادلہ کے لیے دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست متعلقہ کمیٹی کو غور کرنے کیلیے ای میل کر سکتے ہیں۔
The post چیئرمین ایف بی آر کا عملے کی جانب سے پوسٹنگ کیلیے اثرورسوخ کے استعمال کا نوٹس appeared first on ایکسپریس اردو.