اسلام آباد:
مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو ملک بھر میں متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا گیا ہے اور حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے ہدایت دی کہ ناراض ساتھیوں کو منائیں، ملک گیر تنظیم سازی کریں۔
چوہدری شجاعت حسین نے ڈاکٹر امجد کو ہدایت کی کہ ونگز کو متحرک بنایا جاِئے اور بیرون ممالک میں پارٹی کی تنظیم نو کریں، سیاسی استحکام کے لیے دوسری جماعتوں سے رابطے بہتر بنائیں۔
صدر ق لیگ نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی روابط ہونے چاہئیں کیونکہ روابط سے سیاسی استحکام میں مدد ملے گی، سیاسی ڈائیلاگ ہی ملکی مسائل کا حل ہے۔ پائیدار معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے اور سیاسی جماعتیں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ چیف آرگنائزر تقرری اور چوہدری شجاعت حسین کا اعتماد میرے لیے اعزاز ہے، چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین کا بھی شکرگزار ہوں۔
ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ کوشش ہے میں چوہدری شجاعت حسین کے اعتماد پر پورا اتروں، چوہدری شجاعت حسین کے نظریہ اور رواداری کے پیغام کو ہر پاکستانی تک پہنچانا ہے۔