پی ٹی آئی رہنما کا وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک پر  طنز

پی ٹی آئی رہنما کا وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک پر  طنز



اسلام آباد:

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے وزیر اعظم کے مشیر پرویز خٹک پر طنز  کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور وکیل سلمان اکرم راجا  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہیں کروائی جاتیں جب کہ عمران خان کی ہفتہ وار 2 ملاقاتیں آئینی حق ہے اور عدالتی حکم بھی موجود ہے۔ ہمارے لوگوں کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ فارم 47 پر شیرافضل مروت کے بیان پر میں تبصرہ نہیں کروں گا ۔ شیر افضل مروت کی پارٹی ممبر شپ کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔ سب کو پتا ہے فارم 47 پر کون جیتا ہے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر بنانے پر اختیار ولی پارٹی قیادت سے ناراض

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ حکومت سے تو الیکشن سے متعلق رپورٹ اور صحافی برداشت نہیں ہورہے ۔ سرور باری کے گھر اور دفتر پر حملہ ہوا۔ یہ دور جھوٹے بیانیے کا ہے، جبر کا موسم ہے ۔ ہم اس جبر کے خلاف لڑتے رہیں گے۔

انہوں نے وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ فریب و مکر کی حکومت میں پرویز خٹک جیسے لوگ ہی لگیں گے ناں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کے حوالے سے ہمارے پاس بہت مواد موجود ہے لیکن اس وقت کچھ آئیڈیل عدالتی صورتحال بھی نہیں، لہٰذا  حکمت عملی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔





Source link