title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu پیرس پیرالمپکس کیلئے میدان سج گیا، ایک پاکستانی شریک – 092 News

پیرس پیرالمپکس کیلئے میدان سج گیا، ایک پاکستانی شریک

پیرس پیرالمپکس کیلئے میدان سج گیا، ایک پاکستانی شریک


(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

اولمپک مقابلوں کو عالمی سطح پر بہت اہمیت حاصل ہے، دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی ان گیمز میں شرکت کرنا اور تمغہ جیتنا اپنے لیے اعزاز تصور کرتے ہیں، یہ امر باعث مسرت ہے کہ ہر چار سال بعد ہونے والے اولمپک گیمز کے فوری بعد میزبان ملک میں پیرا لمپکس کا انعقاد کیا جاتا ہے، اولمپکس 2024 کے بعد پیرس اب بدھ سے پیرالمپکس کی میزبانی کرے گا، اس کے انعقاد کا مقصد جسمانی معذوری کے شکار کھلاڑیوں کو صلاحیتوں اور اہلیت کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہوتا ہے۔

یہ گیمز باور کراتے ہیں کہ جسمانی معذوری کے شکار بھی عام کھلاڑی کی طرح معاشرے کا اہم حصہ ہوتے ہیں ، جسمانی معذوری کے باوجود وہ کسی سے ہرگز کم نہیں ہوتے، دنیا کے مہذب معاشروں میں معذوروں کو خصوصی اہمیت دینے کی پیش نظر ان کو کھیلوں کی مناسب تربیت کے بعد مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، اس سے ثابت کیا جاتا ہے کہ ایسے کھلاڑی جسمانی یا ذہنی طور پر کمزور تو ہو سکتے ہیں لیکن ان کے ارادے اور حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

11 روز تک جاری رہنے والے 17 ویں پیرس پیرالمپکس گیمزمیں22 کھیلوں کے 549 ایونٹس میں دنیا بھر سے آئے ساڑھے چار ہزار سے زائدمعذور کھلاڑی شریک کریں گے، یہ کھلاڑی 17 ہزار افراد کی استعداد والے اولمپک ولیج میں قیام کریں گے جبکہ گیمزمیں 45 ہزارکے لگ بھگ رضاکار تعینات ہوں گے، دفاعی چیمپئن چین کا 284 ارکان پر مشتمل سب سے بڑا دستہ ہے، برطانیہ کا 225، میزبان فرانس کا 211، آسٹریلیا کا 160، امریکا کا 151 اور اٹلی کا 141 رکنی دستہ بھی گیمزکا حصہ بنے گا۔

یوکرین روایتی طور پر پیرا لمپکس میں تمغہ جیتنے والے نمایاں ممالک میں سے ایک ہے،وہ روسی افواج کے خلاف جنگ کی تیاری میں درپیش چیلنجز کے باوجود 17 کھیلوں میں 140 کھلاڑیوں کے ساتھ شریک ہے، بھارت کا 84 رکنی دستہ گیمز میں حصہ لے گا، پاکستان بھی 17 ویں پیرالمپکس گیمزمیں شرکت کر رہا ہے لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ صرف ایک کھلاڑی ملک کی نمائندگی کرے گا، ان گیمزمیں پاکستان کا سہ رکنی دستہ ایک پیرا ایتھلیٹ، کوچ اورشیف ڈی مشن پرمشتمل ہے۔

گیمز میں پاکستان کی نمائندگی 40 سالہ آل راؤنڈ ایتھلیٹ حیدرعلی کریں گے، معذور کھلاڑیوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے 5 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز جیتنے والے حیدر علی پیرس پیرالمپکس کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کریں گے، انھوں نے ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں 55.26 میٹرز تھرو کرکے پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتا تھا، پی ایس بی حیدر علی اور کوچ اکبرعلی کے اخراجات برداشت کر رہا ہے، شیف ڈی مشن اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے۔

حیدر علی گیمز میں بہتر کارکردگی کے لیے کوشاں ہیں، وہ ان دنوں اسلام آباد کے پی ایس بی اسپورٹس کمپلیکس میں بھرپور مشقیں جاری رکھے ہوئے ہیں، قومی دستہ پیر کو اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگا، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے دماغی فالج کے شکار حیدر علی نے بیجنگ پیرالمپکس 2008 میں لانگ جمپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیت کرتاریخ رقم کی تھی، وہ پاکستان کی جانب سے مسلسل 5 ویں پیرالمپکس میں شرکت کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کریں گے۔

پیرا لمپکس کے حوالے سے دلچسپ حقائق یہ ہیں کہ اولمپک گیمز کے 64 برس بعد انعقاد ہوا، ان مقابلوں کی علامت اولمپکس گیمز سے مختلف ہوتی ہے، 1899 میں جرمنی میں پیدا ہونے والے انگریز نیورو سرجن پیرا اولمپک کے بانی لیوڈنگ گٹمین ہیں،پیرا لمپکس میں شامل کھیلوں میں شریک کھلاڑیوں کو معذوری کے لحاظ سے مختلف درجات میں تقسیم کیا جاتا ہے ، اسی بنیاد پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔

پیرس پیرالمپکس2024 کے لیے 35 اولمپک مقامات میں سے 18 کو استعمال کیا جائے گا ،ان میں گرینڈ پیلس بھی شامل ہے،لا ڈیفنس ایرینا پیرا سوئمنگ میں گولڈ میڈل کے 141 مقابلوں کی میزبانی کر رہاہے، سٹیڈ ڈی فرانس ٹریک اینڈ فیلڈ کی میزبانی کرے گا،افتتاحی تقریب پلیس ڈی لا کنکورڈ میں ہوگی، جس نے اولمپکس کے دوران اسکیٹ بورڈنگ اور دیگر کھیلوں کی میزبانی کی تھی،گیمز کے حوالے سے فرانسیسی شہریوں کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک خاص طور پر یورپ سے تعلق رکھنے والے مداح زیادہ پْرجوش نظر آرہے ہیں،مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت ابتدا میں حوصلہ افزا نہ تھی لیکن منتظمین کا کہنا ہے کہ اب کافی حد تک ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

ٹوکیو پیرا لمپکس میں 96 طلائی تمغے جیتنے والا چین ایک مرتبہ پھر سبقت ظاہر کرنے کی کوشش کرے گا، 41 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہنے والے برطانیہ کے ساتھ امریکا کی بھی پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست رہنے کی خواہش ہے،میزبان فرانس 11 طلائی تمغوں میں اضافہ کرنے کا خواہاں نظر آتا ہے، پیرس پیرالمپکس میں کوئی بھی ملک فاتح رہے لیکن اصل فتح ان معذور کھلاڑیوں کی ہوگی جو ان گیمز میں صلاحیتوں کا اظہار کر کے یہ ثابت کریں گے کہ وہ دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں۔n





Source link