اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک کی سربراہی میں وفد نے معیشت اور تجارت کے شعبے میں تعاون کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے اور پاکستان نے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور روس نے معیشت اور تجارت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور روسی نائب وزیراعظم شریک ہوئے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ تقریب میں پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج اور سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈور کی تعمیر اور ترقی سے متعلق مفاہمت نامے میں شمولیت کا اعلان کیا اور دستاویز پر پاکستان کی طرف سے سیکریٹری وزارت مواصلات علی شیر محسود نے دستخط کر دیے۔
ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈر بیلاروس، روس، قازقستان، ازبکستان، افغانستان، اور پاکستان پر مشتمل ہوگا۔