قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر و کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانا بھول چکی ہے اور ‘جیتنے کا فارمولہ’ بھی کھوچکے ہیں۔
مقامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق آل راؤنڈر بنگلادیش کیخلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بدقمستی سے پاکستان ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانا بھول چکا ہے کیونکہ طویل عرصے تک ہم نے یو اے ای کو بطور ہوم گراؤنڈ استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) طویل عرصے تک ہمارا ہوم گراؤنڈ بن چکا تھا تو ٹیسٹ سیریز جیتیں اور ٹاپ رینک حاصل کیا لیکن جب سے ٹیسٹ کرکٹ پاکستان واپس آئی ہے ہم ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز؛ سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا
سابق کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت جیسے ممالک نے اپنی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہیں کیونکہ وہ ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلتے آرہے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان کیساتھ ایسا نہیں۔
مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز؛ میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا
خیال رہے کہ پاکستان 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا، پہلے دو مسلسل ٹیسٹ میچز ملتان میں ہوں گے جبکہ تیسرا میچ راولپنڈی میں شیڈول ہے۔